اب موبائل کا استعمال بھی مہنگا،،،ٹیلی کام کمپنیوں نے پیکجز کی قیمتیں بڑھا دیں

اسلام آباد: ایم این این

ملک بھر کے کروڑوں موبائل فون صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کی خبر سامنے آگئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظوری کے بعد مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے موبائل کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی ٹیرف شیٹس کے مطابق بعض پیکجز کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 19 سے 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ طویل المدتی پیکجز میں کیا گیا ہے۔ بعض ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمت میں 500 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز 300 روپے، ہفتہ وار پیکجز 130 روپے، تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور یومیہ پیکجز 5 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔

قیمتوں میں اضافے کا اطلاق جاز، زونگ، یوفون اور دیگر موبائل آپریٹرز کے متعدد ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز پر کیا گیا ہے، جس کے بعد روزمرہ موبائل اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئی ٹیرف شیٹس اور پیکجز کی تفصیلات اس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں تاکہ صارفین مختلف کمپنیوں کے پیکجز کا تقابلی جائزہ لے کر بہتر انتخاب کر سکیں۔ ریگولیٹر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیرف میں شفافیت اور صارفین کو درست معلومات فراہم کرنا ہے۔
موبائل پیکجز کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد صارفین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، کیونکہ پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث روزمرہ اخراجات میں اضافہ ہو چکا ہے اور اب موبائل رابطے اور انٹرنیٹ کا استعمال بھی مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں