اسلام آباد: ایم این این
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
منگل کے روز ایرانی صدر کے ہمراہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان پہنچا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو نور خان ایئربیس پر شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے فضائی سلامی دی۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو گلدستے پیش کیے جبکہ پاکستان اور ایران کے قومی پرچم تھامے بچوں نے خیرمقدمی نعرے لگا کر مہمان صدر کا استقبال کیا۔ صدر پزشکیان نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے نعروں کا جواب دیا۔
ایرانی صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی رہنماؤں سے گرمجوشی سے مصافحہ اور معانقہ کیا۔ خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لیے نور خان ایئربیس پر موجود تھے۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور صدر پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرحدی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر اعلیٰ سطحی مذاکرات متوقع ہیں۔



