حکومت کا کفایت شعاری مہم مزید سخت کرنے کا فیصلہ، غیر ملکی دوروں پر مکمل پابندی

اسلام آباد(ایم این این)حکومت پاکستان نے کفایت شعاری مہم کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایندھن کے تحفظ اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے اضافی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایندھن کے تحفظ کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 30 جون 2026 تک اضافی کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔

حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں مزید 50 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں پہلے کی طرح گراؤنڈ رکھنے کی پالیسی بھی برقرار رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق غیر ملکی دوروں اور سرکاری بیرون ملک سفروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم سابقہ نوٹیفکیشنز میں دی گئی مخصوص استثنیٰ بدستور برقرار رہیں گی۔

کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ اس سے قبل نافذ کیے گئے تمام کفایت شعاری اور ایندھن بچاؤ اقدامات متعلقہ نوٹیفکیشنز میں دی گئی مدت تک نافذ العمل رہیں گے، جبکہ جن اقدامات کی کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی، وہ اگلے احکامات تک جاری رہیں گے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ان فیصلوں کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی بچت، غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن غیر معمولی گزٹ آف پاکستان میں بھی شائع کیا جائے گا

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں