دوحہ (ایم این این): وزیراعظم محمد شہباز شریف سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ پیر کو قطر پہنچے، جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو قطر کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دورۂ دوحہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور سابق امیرِ قطر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک دوراندیش، مدبر اور باصلاحیت رہنما قرار دیا، جن کی قیادت میں قطر نے غیرمعمولی ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے مرحوم کی خدمات کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ مرحوم سابق امیرِ قطر کی خصوصی محبت، گرمجوشی اور دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا۔
وزیراعظم نے اس غم کی گھڑی میں قطر کی قیادت، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ سمیت پوری قطری قوم کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
اس موقع پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر اظہارِ تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی یہ آمد دونوں برادر ممالک اور ان کے عوام کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا عملی مظہر ہے، جو باہمی احترام، اعتماد اور دوستی پر استوار ہیں۔



