وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی کاوشیں رنگ لے آئیں، آئی ٹی این ای کو مستقل سربراہ مل گئی

کئی ماہ سے خالی عہدہ پُر، ظلِ ہما تین سال کے لیے چیئرپرسن مقرر، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: ایم این این رپورٹ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی کوششوں سے اخبارات اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم ادارے امپلیمینٹیشن ٹربیونل فار نیوز پیپر ایمپلائز (آئی ٹی این ای ) کو مستقل سربراہ مل گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم کی باضابطہ منظوری کے بعد ظلِ ہما کو تین سال کی مدت کے لیے آئی ٹی این ای کی چیئرپرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ کئی ماہ سے یہ اہم عہدہ خالی تھا، جس کے باعث ادارے کے انتظامی امور اور کئی اہم فیصلے التوا کا شکار تھے۔ صحافتی تنظیموں اور اخباری صنعت سے وابستہ حلقوں کی جانب سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ آئی ٹی این ای میں مستقل سربراہ تعینات کی جائے تاکہ ادارہ مکمل استعداد کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکے۔ذرائع کے مطابق چیئرپرسن کی تقرری کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا، تاہم تمام قانونی اور انتظامی مراحل مکمل ہونے کے بعد حکومت نے ظلِ ہما کو اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ آئی ٹی این ای ملک بھر کے اخباری کارکنوں اور صحافیوں کی فلاح، بہبود اور مختلف مالی معاونت کی اسکیموں کا اہم ادارہ ہے۔ ادارے کی مستقل قیادت نہ ہونے کے باعث متعدد امور تاخیر کا شکار تھے، تاہم نئی تقرری کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل میں پیش رفت ہوگی۔ صحافتی حلقوں نے اس تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی چیئرپرسن ادارے کو مزید فعال بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور اخباری کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کریں گی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں