اسلام آباد (ایم این این)؛
اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے میڈیا شعبے کے سربراہ ایگر کولیسنیکوف نے مہان نیوز نیٹ ورک (ایم این این) کے دفتر کا دورہ کیا۔
ایم این این نیوز کے دفتر آمد پر چیف ایڈیٹر سہیل اقبال اور ایڈیٹر فاروق فیصل خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیٹر کانٹینٹ اسلم ڈوگر، سی ڈی سی ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرقان راؤ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ ظفر اقبال خان بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ایگر کولیسنیکوف نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نہ صرف حکومتی سطح پر مضبوط ہو رہے ہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی باہمی روابط میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان ریل کے ذریعے تجارتی روابط کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس سے دونوں ممالک کو مزید قریب آنے میں مدد ملے گی۔
ایگر کولیسنیکوف نے کہا کہ پاکستان اور روس کے میڈیا کو ماضی کے اثرات سے نکل کر حقائق پر مبنی اور غیرجانبدارانہ رپورٹنگ کو فروغ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس کے خلاف مغربی پراپیگنڈا اس لیے مؤثر ثابت نہیں ہو رہا کیونکہ اب لوگوں کو معلومات کے متبادل ذرائع تک رسائی حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس کے بارے میں بڑھتی ہوئی آگاہی کے باعث پاکستان کے بہت سے نوجوان اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے روس جانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی نوجوان روس میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں بھی بھرپور اور پرجوش انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔



