اسلام آباد (ایم این این) : پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے باعث جولائی کے پہلے ہفتے تک گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلند درجہ حرارت کے باعث برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھلیں گے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگی۔ گلیشیائی جھیلوں کے پھیلنے اور نئی جھیلوں کے بننے سے اچانک سیلاب، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی 27 جون سے 3 جولائی تک گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق قراقرم ہائی وے، جگلوٹ-سکردو روڈ اور ملحقہ شاہراہیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔
عوام اور سیاحوں کو دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیائی علاقوں اور پہاڑی مقامات کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو حساس علاقوں کی نگرانی، انخلا کے انتظامات، ہنگامی وسائل کی فراہمی اور عوامی آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ سپارکو نے 130 ایسے گلیشیائی جھیلوں کی نشاندہی کی تھی جو نشیبی آبادیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔



