چاغی (ایم این این): بلوچستان کے ضلع چاغی میں جمعرات کو سیکڑوں مسلح افراد نے شہر میں داخل ہو کر مختلف سرکاری تنصیبات پر قبضہ کر لیا، پولیس تھانے کو آگ لگا دی اور شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کرکے چیکنگ بھی کی، ذرائع نے بتایا۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد بڑی تعداد میں چاغی شہر میں داخل ہوئے اور کچھ دیر کے لیے شہر کے اہم حصوں پر اپنا کنٹرول قائم کر لیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے مختلف سرکاری دفاتر، بینکوں اور پولیس کی تنصیبات پر قبضہ کر لیا جبکہ تحصیل چاغی کے پولیس تھانے پر بھی حملہ کیا۔
حملے کے دوران پولیس تھانے کو آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق تھانے میں موجود سرکاری ریکارڈ، سرکاری گاڑیاں اور دیگر سامان بھی نذر آتش کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد ایک ایمبولینس بھی اپنے ساتھ لے گئے، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے شہر کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر ناکے قائم کیے، جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی اور سنیپ چیکنگ کی جاتی رہی۔
واقعے کے باعث شہر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، بازار بند رہے اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں جوابی کارروائی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم تاحال کسی جانی نقصان یا حملے کی مکمل تفصیلات کے حوالے سے سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید معلومات موصول ہونے پر جاری کی جائیں گی۔



