قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا بجٹ تفصیلات فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار

اسلام آباد (ایم این این)قومی اسمبلی کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری تاحال مکمل نہ ہو سکی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے بجٹ سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دستاویزات ابھی حتمی مراحل میں ہیں۔ مزید جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔
وائس اوور: مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی آمد سے قبل قومی اسمبلی کے اپنے بجٹ سے متعلق اہم سوالات جنم لینے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ تاحال اپنے سالانہ بجٹ کی تیاری مکمل نہیں کر سکا۔
بجٹ سے متعلق معلومات اور اخراجات کی تفصیلات طلب کیے جانے پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے فوری طور پر اعداد و شمار فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کر دی ہے، جس کے باعث بجٹ کے حجم اور مختلف مدات میں مجوزہ اخراجات کے بارے میں صورتحال واضح نہیں ہو سکی۔


پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے بجٹ میں ارکانِ اسمبلی کی مراعات، سیکرٹریٹ کے انتظامی اخراجات، ملازمین کی تنخواہیں، ترقیاتی منصوبے اور دیگر آپریشنل اخراجات شامل ہوتے ہیں، تاہم اس مرتبہ بجٹ دستاویزات تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری اور منظوری کے لیے اندرونی سطح پر مشاورت جاری ہے جبکہ مختلف شعبوں سے مالی ضروریات اور مطالبات بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے بجٹ کی تفصیلات سامنے نہ آنے پر شفافیت اور پارلیمانی اخراجات کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کے ادارے کے مالی معاملات سے متعلق معلومات بروقت جاری ہونا عوام کے جاننے کے حق کا حصہ ہے۔
قومی اسمبلی کا بجٹ کب مکمل ہوگا اور اس میں کتنے مالی وسائل مختص کیے جائیں گے، اس حوالے سے حتمی تصویر آنے والے دنوں میں سامنے آنے کا امکان ہے، تاہم فی الحال اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے باعث کئی سوالات بدستور موجود ہیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں