قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث مکمل،اپوزیشن کو اضافی وقت دیا گیا

سات دن جاری رہنے والی بحث میں ارکان نے مجموعی طور پر 53 گھنٹے 31 منٹ اظہار خیال کیا، اسپیکر سردار ایاز صادق

اسلام آباد(ایم این این) قومی اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ پر بحث مکمل کر لی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بجٹ پر چار دن تک جاری رہنے والی بحث میں مجموعی طور پر 232 اراکین نے حصہ لیا۔
اسپیکر کے مطابق بجٹ بحث میں حکومت کے 151 جبکہ اپوزیشن کے 81 اراکین نے اظہار خیال کیا۔ مجموعی طور پر ارکان نے 53 گھنٹے 31 منٹ تک بجٹ تجاویز، حکومتی پالیسیوں اور معاشی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔
سردار ایاز صادق نے بتایا کہ حکومتی اراکین نے 34 گھنٹے 33 منٹ جبکہ اپوزیشن اراکین نے 18 گھنٹے 58 منٹ تک بجٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے آگے بڑھی اور تمام پارلیمانی جماعتوں کو اظہار رائے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا۔
پارٹی پوزیشن کے حوالے سے اسپیکر نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے 77، پاکستان پیپلز پارٹی کے 49 اور ایم کیو ایم پاکستان کے 20 اراکین نے بجٹ بحث میں حصہ لیا۔ دوسری جانب اپوزیشن بنچوں سے پاکستان تحریک انصاف کے 67، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 10 اور سنی اتحاد کونسل کے ایک رکن نے بجٹ پر اظہار خیال کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی روایات کے مطابق اپوزیشن کو بھرپور موقع فراہم کیا گیا اور طے شدہ وقت کے مقابلے میں اپوزیشن کو 8 گھنٹے 18 منٹ اضافی وقت بھی دیا گیا، تاکہ تمام اراکین اپنے حلقوں اور عوامی مسائل کی موثر انداز میں نمائندگی کر سکیں۔
بجٹ بحث مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں آئندہ مرحلے کے طور پر وزارتوں اور محکموں سے متعلق کٹوتی کی تحاریک اور مالیاتی بل کی منظوری کے مراحل طے کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں