وزیر داخلہ ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال متوقع
اسلام آباد(ایم این این)پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کے لیے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے سلسلے میں تہران روانہ ہو گئے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی آر این اے کے مطابق محسن نقوی اپنے دورہ تہران کے دوران ایرانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور مذاکراتی عمل کی پیش رفت پر مشاورت کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران ایران کے سینئر حکام، بشمول وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر متعلقہ شخصیات سے ملاقاتیں کر سکتے ہیں، جبکہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت کیلئے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان حالیہ مہینوں میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سفارتی کوششوں میں سرگرم رہا ہے اور محسن نقوی کا یہ دورہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔



