لیونل میسی فیفا ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے بڑے گول اسکورر بن گئے، 17واں گول کر کے نیا ریکارڈ قائم

آرلنگٹن، ٹیکساس (ایم این این): ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف گروپ جے کے میچ میں گول کر کے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

ارجنٹینا کے کپتان نے پیر کو ڈلاس اسٹیڈیم، آرلنگٹن میں میچ کے 38ویں منٹ میں اپنی ٹیم کا پہلا گول اسکور کیا اور اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں اپنے مجموعی گولوں کی تعداد 17 تک پہنچا دی۔

میسی نے گزشتہ ہفتے الجزائر کے خلاف 3-0 کی کامیابی میں ہیٹ ٹرک کر کے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے 16 گولوں کے ریکارڈ کی برابری کی تھی، جبکہ آسٹریا کے خلاف گول کے بعد وہ اس فہرست میں تنہا سرفہرست ہو گئے۔

38 سالہ میسی اگرچہ میچ کے دوران ایک پنالٹی ضائع کر بیٹھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے تاریخ ساز گول کر کے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔

2006 میں اپنے پہلے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے میسی اب چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں کھیل چکے ہیں۔ وہ ارجنٹینا کے لیے 201 میچوں میں 121 گول اسکور کر چکے ہیں اور مسلسل چھ ورلڈ کپ میں گول کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

ان کی شاندار کارکردگی اور مستقل مزاجی نے ارجنٹینا کی مسلسل دوسرے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کی امیدوں کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ارجنٹینا 1962 کے بعد اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔

الجزائر کے خلاف گول کرنے کے بعد میسی جذباتی دکھائی دیے تھے۔ بعد ازاں اطلاعات سامنے آئیں کہ ان کے والد ایک نامعلوم طبی مسئلے سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

ذاتی مشکلات اور ٹورنامنٹ سے قبل ہیم اسٹرنگ انجری کے خدشات کے باوجود میسی کی موجودگی ارجنٹینا کی ٹیم کے لیے حوصلے اور اعتماد کا بڑا ذریعہ سمجھی جا رہی ہے۔

ارجنٹینا کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر نے الجزائر کے خلاف کامیابی کے بعد کہا کہ اگر کسی کو لگتا تھا کہ ٹیم میسی کے بغیر بہتر ہو سکتی ہے تو اس میچ نے ثابت کر دیا کہ میسی ہی ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی ہیں۔

امریکی کلب انٹر میامی سے وابستہ میسی نے ٹورنامنٹ میں شرکت کا حتمی فیصلہ آخری لمحات میں کیا تھا، تاہم شائقین کو یقین تھا کہ وہ ارجنٹینا کے ٹائٹل دفاع کی قیادت ضرور کریں گے۔

ارجنٹینا آسٹریا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے، جبکہ اگر اردن الجزائر کو شکست دینے میں ناکام رہا تو ارجنٹینا گروپ جے میں پہلی پوزیشن بھی یقینی بنا لے گا۔

ورلڈ کپ کے ہمہ وقت بہترین گول اسکوررز کی فہرست میں میسی کے بعد برازیل کے رونالڈو 15 گولوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ جرمنی کے گیرڈ مولر اور فرانس کے کائلین ایمباپے 14، 14 گولوں کے ساتھ ان کے پیچھے موجود ہیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں