محفوظ پنجاب ویژن کا عملی مظاہرہ،مریم اورنگزیب کا بی بی پاکدامن،سیف سٹی اور صوبائی کنٹرول روم کا دورہ

لاہور: ایم این این


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے حضرت بی بی پاکدامنؒ کے مزار، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم اور محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے حضرت بی بی پاکدامنؒ کے مزار پر سکیورٹی اقدامات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا، داخلی و خارجی راستوں کا دورہ کیا اور زائرین سے ملاقات کرکے انتظامات سے متعلق دریافت کیا۔ زائرین نے محرم الحرام کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
بعد ازاں مریم اورنگزیب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں آئی جی پنجاب، ہوم سیکرٹری، سی سی پی او لاہور اور ایم ڈی سیف سٹی نے محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔


بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کے 43 سمارٹ سیف سٹی آپریشن سنٹرز سے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ 130 ڈرونز اور 5 ہزار 600 سے زائد کیمرے جلوسوں کی سرویلنس میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق 400 سے زائد پینک بٹن فعال کیے جا چکے ہیں اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ سیف سٹی اتھارٹی صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ چوبیس گھنٹے رابطے میں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب سیف سٹی جدید ٹیکنالوجی، اسمارٹ سرویلنس اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے محرم الحرام کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
سینئر وزیر پنجاب نے محکمہ داخلہ کے صوبائی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے سکیورٹی صورتحال پر لائیو بریفنگ دی۔ اس موقع پر میڈیا وال کے ذریعے سموگ گنز کے مؤثر استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “محفوظ پنجاب” وژن کے تحت عزاداروں کو محفوظ ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب پولیس اور سیف سٹی کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں