اسلام آباد میں ایف آئی اے کا بڑا آپریشن، انسانی اعضاء کی مبینہ سمگلنگ میں ملوث 5 افراد گرفتار


اسلام آباد (ایم این این): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7/1 میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اعضاء کی مبینہ سمگلنگ میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں تین چینی شہری لی گینگ لئی، وانگ بھاؤ اور پینگفی گاؤ جبکہ دو پاکستانی شہری وقاص سرور اور قیصر حنیف شامل ہیں۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں ایک مبینہ بین الاقوامی انسانی اعضاء سمگلنگ نیٹ ورک کا سراغ ملا۔

چھاپے کے دوران گھر سے مختلف انسانی اعضاء برآمد کیے گئے، جبکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وہاں سے مبینہ طور پر انسانی گوشت بھی قبضے میں لیا گیا۔ برآمد شدہ مواد کو فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے تاکہ اس کی نوعیت اور اصل کا تعین کیا جا سکے۔

تحقیقات کے مطابق پاکستانی ملزمان چینی شہریوں کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کر رہے تھے اور مبینہ طور پر انسانی اعضاء کی ترسیل اور نیٹ ورک کی دیگر سرگرمیوں میں معاونت فراہم کر رہے تھے۔

ایف آئی اے نے تمام گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ حکام نے اس مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ اور جاری تحقیقات کے بعد اس معاملے کے تمام پہلوؤں اور ملزمان کے کردار کو واضح کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں