جیو نیوز کیس میں نیا موڑ، پیمرا نے اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رہنمائی طلب کر لی

معافی کافی ہے یا مزید کارروائی ضروری؟ اسلامی نظریاتی کونسل سات روز میں رائے دے گی

اسلام آباد : ایم این این

جیو نیوز کی محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی کے معاملے میں ایم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس حساس معاملے پر حتمی سفارشات مرتب کرنے سے قبل اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی رہنمائی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کونسل یہ جاننا چاہتی ہے کہ جیو نیوز کی معذرت اور اب تک کی گئی کارروائی کافی ہے یا مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

جیو نیوز کی دس محرم الحرام کی خصوصی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی کے معاملے نے ایک نیا قانونی اور مذہبی رخ اختیار کر لیا ہے۔

30 جون کو لاہور میں ہونے والے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کے اجلاس میں اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حساس معاملے پر پیمرا اتھارٹی کو حتمی سفارشات بھیجنے سے پہلے اسلامی نظریاتی کونسل سے شرعی اور آئینی رہنمائی حاصل کی جائے۔

کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے استفسار کیا ہے کہ آیا جیو نیوز کے خلاف پہلے سے کی گئی کارروائی، جس میں نشریات کی معطلی، ادارے کی جانب سے عوامی معافی اور دیگر انتظامی اقدامات شامل ہیں، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کافی سمجھے جا سکتے ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔

پیمرا نے اسلامی نظریاتی کونسل سے یہ بھی پوچھا ہے کہ اگر موجودہ اقدامات ناکافی تصور کیے جائیں تو اسلامی احکامات کی روشنی میں مزید کس نوعیت کی کارروائی مناسب ہوگی۔

اجلاس میں جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے قانونی مشیروں کے ہمراہ پیش ہوئے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے کیے گئے اصلاحی اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا اور جیو نیوز کی معطل نشریاتی لائسنس بحال کرنے کی درخواست بھی کی۔

پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے اپنے فیصلے میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 کا بھی حوالہ دیا، جس کے مطابق ہر شہری اور میڈیا کو آزادی اظہار کا حق حاصل ہے، تاہم یہ آزادی اسلام کی عظمت، قومی سلامتی، اخلاقیات اور دیگر آئینی تقاضوں کے تحت عائد معقول پابندیوں کے تابع ہے۔

اسی آئینی اور مذہبی تناظر میں اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رائے طلب کی گئی ہے، جو سات روز کے اندر، یعنی 8 جولائی 2026 تک، پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کو اپنی سفارشات ارسال کرے گی۔

یاد رہے کہ یوم عاشور کی نشریات کے دوران جیو نیوز پر مقدس شخصیات کی تصویری عکاسی سے متعلق مواد نشر ہونے پر شدید عوامی اور مذہبی ردعمل سامنے آیا تھا۔

اس معاملے پر پیمرا نے نوٹس لیتے ہوئے جیو نیوز کی نشریات معطل کر دی تھیں، جبکہ چینل انتظامیہ نے عوام سے غیر مشروط معذرت کرتے ہوئے واقعے کو غیر ارادی غلطی قرار دیا تھا اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی سمیت مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نئے ادارہ جاتی اقدامات کا بھی اعلان کیا تھا۔

اب پہلی بار پیمرا نے اس معاملے میں صرف قانونی نہیں بلکہ مذہبی اور شرعی پہلوؤں پر بھی رہنمائی لینے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رائے طلب کی ہے۔ کونسل کی سفارشات کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ جیو نیوز کے خلاف موجودہ کارروائی کو کافی سمجھا جائے یا مزید اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں