ڈی جی آئی پی اور ٹی سی ایس کا ’’پاسپورٹ آپ کی دہلیز پر‘‘ ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز

اسلام آباد (ایم این این): ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس (ڈی جی آئی پی) نے کورئیر اور لاجسٹکس کمپنی ٹی سی ایس کے اشتراک سے ’’پاسپورٹ آپ کی دہلیز پر‘‘ کے نام سے ملک گیر ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اپنے پاسپورٹ اپنی پسند کے پتے پر وصول کر سکیں گے۔

ہفتہ کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، سرکاری خدمات کی فراہمی کو جدید بنانا اور پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے۔

اس سروس کا باضابطہ افتتاح ڈی جی آئی پی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے پاسپورٹ سروسز کی بہتری اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹی سی ایس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن رضا لغاری نے کہا کہ کمپنی ڈیجیٹل گورننس اور شہریوں پر مرکوز خدمات کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی سی ایس کو اس اہم عوامی خدمت میں ڈی جی آئی پی کا شراکت دار بننے پر فخر ہے اور کمپنی اپنے ملک گیر لاجسٹکس نیٹ ورک کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر پاسپورٹ محفوظ، بروقت اور متعلقہ شہری تک پہنچے۔

اجلاس میں ڈی جی آئی پی اور ٹی سی ایس کے درمیان مستقبل کے تعاون، پاسپورٹ سروسز کی جدید کاری، آپریشنل کارکردگی میں بہتری، شہریوں کے تجربے کو بہتر بنانے اور محفوظ ترسیل کے نظام پر بھی غور کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام ادارے کے اس عزم کا مظہر ہے کہ پاسپورٹ خدمات کو مزید آسان، مؤثر اور شہری دوست بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ گھروں تک پہنچانے کی سہولت سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے، جبکہ انہیں محفوظ اور آسان طریقے سے اپنا پاسپورٹ موصول ہوگا۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں ڈی جی آئی پی نے ملک بھر میں پاسپورٹس کی ہوم ڈیلیوری سروس متعارف کرانے اور درخواست گزاروں کی رہنمائی کے لیے ایک چیٹ بوٹ شروع کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں