لندن (ایم این این): شہزادہ ہیری آئندہ ہفتے لندن کا دورہ اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں کے بغیر کریں گے۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے خاندان کے لیے سرکاری پولیس سکیورٹی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔
اس سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ ہیری چار برس بعد پہلی مرتبہ اپنے پورے خاندان کے ساتھ برطانیہ کا دورہ کریں گے، تاہم ذرائع کے مطابق میگھن، شہزادہ آرچی اور شہزادی لیلی بیٹ لندن کے مرحلے میں ان کے ہمراہ نہیں ہوں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 41 سالہ شہزادہ پیر کے روز پانچ روزہ دورے پر لندن پہنچیں گے، جہاں وہ ان وکٹَس گیمز کے آغاز سے ایک سال قبل ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ یہ کھیل ہیری نے 2014 میں زخمی فوجی اہلکاروں کے لیے شروع کیے تھے۔
وہ اپنے دیگر فلاحی اداروں کی سرگرمیوں میں بھی شرکت کریں گے۔
اخبار دی سن کے مطابق ہیری اور میگھن نے لندن کے ایک اسپتال کا مشترکہ دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، جو میگھن کی شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد برطانیہ میں پہلی بڑی عوامی سرگرمی ہوتی، تاہم اب شہزادہ ہیری سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اکیلے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیری اور ان کا خاندان اس وقت یورپ میں موجود ہے اور اب بھی کسی نہ کسی صورت برطانیہ آنے کی امید رکھتے ہیں، اگرچہ یہ واضح نہیں کہ میگھن اور بچے لندن کے علاوہ کسی اور علاقے کا دورہ کریں گے یا نہیں۔
گزشتہ ماہ ہیری کے قریبی ذرائع نے بتایا تھا کہ خاندان شاہی رہائش گاہوں میں قیام کرے گا، جبکہ بی بی سی کے مطابق انہیں کنگ چارلس سوم کی میزبانی حاصل ہونے کی توقع تھی۔
سکیورٹی خدشات بنیادی مسئلہ بن گئے
تاہم بی بی سی نے بعد میں رپورٹ کیا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے خاندان کے لیے سرکاری پولیس تحفظ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ہیری نے اپنے دورے پر نظرثانی شروع کر دی۔
موجودہ انتظام کے تحت شاہی املاک کے باہر انہیں نجی سکیورٹی پر انحصار کرنا ہوگا۔
شہزادہ ہیری پہلے بھی برطانیہ میں اپنے خاندان کی حفاظت سے متعلق خدشات ظاہر کر چکے ہیں۔ 2025 میں وہ عدالت میں مکمل پولیس تحفظ بحال کرانے کی درخواست میں ناکام رہے تھے۔
“میرے لیے اپنے خاندان کو محفوظ طریقے سے برطانیہ واپس لانا ناممکن ہے،”
انہوں نے ایک سابق انٹرویو میں کہا تھا۔
ہیری اور میگھن 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو کر شمالی امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔ بعد ازاں ہیری کی یادداشت “اسپیئر” کی اشاعت اور برطانوی میڈیا کے خلاف قانونی مقدمات کے باعث شاہی خاندان سے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے۔
ان کا یہ دورہ ایک اہم عدالتی فیصلے کے موقع پر بھی ہو رہا ہے، جس میں ہیری اور دیگر معروف شخصیات نے ڈیلی میل کے ناشر کے خلاف مبینہ غیر قانونی معلومات اکٹھی کرنے کے الزام میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔
اگرچہ شہزادہ ہیری نے اپنے والد سے تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ اس دورے کے دوران کنگ چارلس سے ملاقات کریں گے یا نہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان کی آخری مختصر ملاقات ستمبر 2025 میں لندن کے کلیرنس ہاؤس میں ہوئی تھی، جہاں 77 سالہ بادشاہ زیر علاج تھے۔



