رانا قاسم نون اور ڈاکٹر فاروق ستار کا مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاقِ رائے اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر زور

اسلام آباد (ایم این این): وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے دفتر میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی، جس میں مسئلہ کشمیر، قومی یکجہتی اور سفارتی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سابق وفاقی وزیر امین الحق، ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک، ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے صدر شاہ فیصل اور سندس ملک بھی شریک تھے۔

رانا محمد قاسم نون نے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی قومی اتحاد اور عزم کا مظہر ہے اور یہ پوری قوم کے لیے تاریخی کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری حریت قیادت کئی برسوں سے بھارتی جیلوں میں قید ہے، جبکہ بھارت بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) میں جعلی ڈومیسائل جاری کرکے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے قومی کانفرنس برائے کشمیر کے انعقاد کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس میں تمام سیاسی جماعتوں، ارکان پارلیمنٹ، ماہرین، دانشوروں، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور کشمیری قیادت کو شریک کیا جانا چاہیے تاکہ قومی اتفاقِ رائے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

سندس ملک نے بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کشمیر کاز کے لیے رانا محمد قاسم نون کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کام کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں ایم کیو ایم پاکستان کی نمائندگی موجود نہیں، جبکہ اس قومی معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کی مؤثر شمولیت ناگزیر ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر قومی یکجہتی اور وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا مستقل اور پائیدار حل صرف سیاسی مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے ایم کیو ایم پاکستان کی عوامی خدمات، خصوصاً تعلیم کے شعبے میں کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔

ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر نے معزز مہمانوں کو گلدستے اور یادگاری کشمیری اسکارف پیش کیے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں