دستور ساز اسمبلی کا قیام پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا سنہری باب

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا دستور ساز اسمبلی کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

اسلام آباد: ایم این این

اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق 10 اگست 1947ء پاکستان کے آئینی اور پارلیمانی سفر کے آغاز کا تاریخی دن تھا، جبکہ دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس بانیانِ پاکستان کے جمہوری وژن کی عملی تعبیر تھا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دستور ساز اسمبلی نے پاکستان میں آئینی، جمہوری اور پارلیمانی نظام کی بنیاد رکھی اور پارلیمانی جمہوریت ریاست پاکستان کی اساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری عمل کا تسلسل ایک مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ عوام دوست اور مؤثر قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کا حل یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مضبوط پارلیمان قومی استحکام اور ملکی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتیں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مکالمے اور اتفاقِ رائے کو فروغ دیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی ترجمان اور ان کی اجتماعی آواز ہے، جبکہ نوجوانوں کو آئینی ارتقاء، پارلیمانی تاریخ اور جمہوری روایات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جبکہ قومی اسمبلی کا انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں میں جمہوری شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے عزم ظاہر کیا کہ پارلیمان آئین کی بالادستی، جمہوری اقتدار کے فروغ اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں