مریم نواز کے مری کے ٹھنڈے ماحول میں بلاول کو باونسر، پیپلزپارٹی کو آئینہ دکھا دیا

آزاد کشمیر انتخابات نے انتشار اور تشدد کی سیاست مسترد ہونے کا ثبوت دے دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب

مری : ایم این این

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ عوام نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

مری میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مشکل حالات کے باوجود ترقی کا فیصلہ کیا، مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگے اور شرپسند عناصر کو شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امیر مقام، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چودھری سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے انتخابات میں بھرپور محنت کی، مسلم لیگ (ن) نے کشمیر میں اپنی اکثریت واپس حاصل کرلی ہے، تاہم الیکشن کے بعد اب اصل امتحان شروع ہوا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت بنانے کے بعد ایک دن بھی ضائع نہیں کرنا، کشمیر میں پروٹوکول اور ڈنر انجوائے کرنے نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور کام کرنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک بھر کے ترقیاتی منصوبوں پر نواز شریف کا نام لکھا ہوا ہے، نواز شریف جدید پاکستان کے بانی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات نے ان لوگوں کو بھی جواب دے دیا جو مسلم لیگ (ن) کو کمزور یا ختم ہوتی جماعت قرار دیتے تھے۔

پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے بعد پیپلزپارٹی کو مبارکباد دی، لیکن افسوس ہے کہ پیپلزپارٹی نے دھاندلی کے الزامات عائد کیے، جہاں وہ کامیاب ہوئی وہاں دھاندلی کے الزامات نہیں لگائے گئے۔

انہوں نے سندھ کی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 17 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، لیکن سڑکیں اور بسیں خستہ حال ہیں جبکہ صفائی کی صورتحال بھی خراب ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف جتنی سازشیں ہوئیں شاید کسی اور جماعت کے خلاف نہیں ہوئیں، 2021 میں کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو 17 جبکہ پی ٹی آئی کو 3 نشستیں ملی تھیں، اس نتیجے کو الٹا دیا گیا تھا، لیکن الحمدللہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی اکثریت واپس حاصل کرلی ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں