اسلام آباد: ایم این این
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کی تقریب کے دوران آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کی جانب سے بگھی پر سوار ہونے کے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے دونوں اعلیٰ افسران کے شاہانہ طرزِ عمل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اختیارات سے تجاوز قرار دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کے نام اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے واقعے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
خط میں دونوں افسران کے اقدام پر شدید ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرکاری تقریبات میں افسران کی جانب سے غیر ضروری نمائش اور شاہانہ طرزِ عمل ناقابلِ قبول ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں سرکاری تقریبات کے دوران پروٹوکول اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر بگھی سواری کی وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے واقعے پر وضاحت طلب کیے جانے کے بعد معاملے کی انکوائری اور دونوں افسران کے خلاف مزید کارروائی کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ سرکاری عہدوں پر فائز افسران کا طرزِ عمل ریاستی وقار اور عوامی اعتماد کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔



