بلوچستان میں مربوط دہشت گرد حملے ناکام، دو افسران اور کسٹمز اہلکار سمیت 6 جوان شہید، 21 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (MNN)؛ بلوچستان میں دہشت گردوں کے مربوط حملوں کے دوران دو افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت چھ سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعات 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی ضلع کے نوکچا اور پشین ضلع کے زیارت کراس کے علاقوں میں پیش آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریاست کی جانب سے فتنہ الخوارج قرار دیے جانے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے اور اسے نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے مربوط حملہ کیا۔

سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کا بھی سکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا اور انہیں مزید جانی نقصان پہنچایا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو افسران اور کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت چھ بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع اور فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے کسٹمز ہاؤس پر حملے کو دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔

بیان کے مطابق گرد و نواح کے علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے، مقامی آبادی اور اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

کوئٹہ تفتان شاہراہ پر 11 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو ایک اور واقعے میں ریاست کی جانب سے فتنہ الہندوستان قرار دیے جانے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کی نقل و حرکت میں خلل ڈالنے کے لیے بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی۔

سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کردیا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بلوچستان بھر میں آپریشن جاری

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ عزم استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

تازہ واقعات سے قبل پیر کے روز چاغی میں ریکوڈک تانبے اور سونے کے منصوبے سے متعلق گاڑیوں کے قافلے پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اسی روز ضلع واشک میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید دو دہشت گرد بھی ہلاک کیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں