اسلام آباد: ایم این این
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں ہواو کے پاکستان میں پہلے قومی سطح کے اسپیئر پارٹس ریپیئر سینٹر کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب میں ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن بھی موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے صارف سے ڈیجیٹل سلوشنز تیار اور برآمد کرنے والے ملک کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریپیئر سینٹر کا قیام پاکستان کے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے، جس سے مقامی سطح پر تکنیکی صلاحیت اور مہارت میں اضافہ ہوگا اور بیرون ملک مرمت کی خدمات پر انحصار کم ہوگا۔ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے پاکستان میں پائیدار تکنیکی مہارت کے فروغ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے پرعزم ہے۔ریپیئر سینٹر میں ملک بھر میں نصب ہواوے کے ٹیلی کام آلات کی مرمت، ٹیسٹنگ، خرابیوں کی تشخیص اور دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مرکز میں 16 خصوصی ریپیئر ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جبکہ وائرلیس، مائیکرو ویو، ڈیجیٹل پاور اور ایکسس نیٹ ورک ٹیکنالوجیز سمیت 180 سے زائد آلات اور پرزہ جات کی مرمت کی سہولت موجود ہے۔ہواوے کے مطابق مرکز سالانہ 10 ہزار سے زائد ماڈیولز پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہر سال 6 ہزار سے زائد مرمت شدہ پرزہ جات دوبارہ سروس میں لائے جا سکیں گے۔ریپیئر سینٹر کی اوسط کامیابی کی شرح تقریباً 60 فیصد ہے، جس سے مرمت کے اخراجات اور وقت میں کمی کے ساتھ ٹیلی کام نیٹ ورک کی پائیداری بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔حکام کے مطابق مقامی سطح پر مرمت کی سہولت ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران بھی ٹیلی کام نیٹ ورک کی بحالی اور تسلسل برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگی



