اسلام آباد: ایم این این
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کو درپیش مالی بحران اور ملازمین کو تنخواہوں و واجبات کی ادائیگی میں مبینہ تاخیر کا معاملہ وفاقی حکومت تک پہنچ گیا ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نائب صدر عثمان خان، سینیئر پارلیمانی صحافیوں اور میڈیا نمائندگان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ سے رابطہ کرکے آج نیوز کے ملازمین کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صحافیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آج نیوز کی انتظامیہ کی مبینہ مالی بدانتظامی کے باعث ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے میڈیا اداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے جو اپنے ملازمین کے واجبات اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہیں کرتے۔
ملاقات کے دوران میڈیا نمائندگان نے وزیر اطلاعات پر زور دیا کہ جن اداروں کی جانب سے ملازمین کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے، ان کے سرکاری اشتہارات پر نظرثانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں روک دیا جائے تاکہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے وفد کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کے واجب الادا سرکاری بقایاجات کلیئر کیے جا چکے ہیں، اس لیے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ متعلقہ اداروں کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ذاتی طور پر تمام متعلقہ چینلز کی انتظامیہ سے رابطہ کریں گے اور اس مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر کوئی ادارہ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی میں ناکام رہا تو مستقبل میں ایسے اداروں کو سرکاری اشتہارات جاری نہ کرنے سمیت دیگر آپشنز پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا نمائندگان نے اس یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے مستقل اور مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی میڈیا ادارے کے ملازمین کو ایسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



