اسلام آباد: ایم این این
اسلام آباد پولیس نے دارالحکومت میں پولیسنگ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈالفن اسکواڈ کو ختم کر دیا ہے۔ اس کی جگہ “کیپٹل پٹرولز یونٹ” (Capital Patrols Unit) قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہر میں گشت، فوری رسپانس اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نئے یونٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 40 جدید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ جدید پولیسنگ میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
نئے یونٹ کے قیام کے ساتھ اسلام آباد پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں 32 سب انسپکٹرز، 36 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) اور 32 ہیڈ کانسٹیبلز کو کیپٹل پٹرولز یونٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سابق ڈالفن اسکواڈ کے اہلکار بھی نئے یونٹ کا حصہ رہیں گے، تاکہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کو زیادہ مؤثر اور بروقت پولیس سروس فراہم کی جا سکے۔



