کوئٹہ: ایم این این
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن “العزم” کے تحت دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کی گئی ایک کامیاب کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، تاہم ان کی درست تعداد فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔



