بلوچستان کا پارلیمانی وفد اسلام آباد میں متحرک،وفاق پر امن،ترقیاتی منصوبوں اور صوبائی مطالبات پورا کرنے پر زور

اسلام آباد :ایم این این

بلوچستان حکومت اور صوبائی اسمبلی کے اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح، وفاقی تعاون اور صوبے کو درپیش اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلوچستان حکومت اور صوبائی اسمبلی کے اعلیٰ سطحی مشترکہ وفد نے اسلام آباد میں وفاقی قیادت سے اہم ملاقاتیں کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور صوبائی مطالبات پر تفصیلی گفتگو کی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ہونے والی ملاقاتوں میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، وفاق اور بلوچستان کے درمیان تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیر بحث آئے۔

وفد میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی، صوبائی وزیر ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو، صوبائی وزیر ماہی گیری و ساحلی ترقی برکت علی رند، صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، قانون و پارلیمانی امور نوابزادہ محمد زرین خان مگسی اور صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن محمد خان لہڑی بھی شامل تھے۔

اس کے علاوہ اراکینِ بلوچستان اسمبلی زرک خان، اشوک کمار، ڈاکٹر ربابہ، ہادیہ نواز اور محمد خان طور نے بھی ملاقاتوں میں شرکت کی اور اپنے اپنے حلقوں سے متعلق عوامی، پارلیمانی اور ترقیاتی امور پر وفاقی قیادت کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں امن، ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور عوامی خوشحالی کے لیے وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ وفاق اور بلوچستان کے درمیان مؤثر رابطوں، مشترکہ حکمت عملی اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بلوچستان کے پارلیمانی وفد نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وفاقی حکومت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب دستخط کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے بلوچستان کی پائیدار ترقی، عوامی فلاح و بہبود، جمہوری اقدار کے فروغ، مؤثر قانون سازی اور وفاق و صوبے کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں