جولائی کے آغاز سے ملک بھر میں مون سون کا نیا سلسلہ، پی ایم ڈی نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد (ایم این این): محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شدید بارشوں، اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔

پیر کو جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق 30 جون سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں پہلے ہی ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ مزید برآں، خلیج بنگال سے نمی سے بھرپور ہوائیں 2 جولائی سے شمالی علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں یکم سے 6 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں چترال، سوات، دیر، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں، میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی و شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ژوب، شیرانی، سبی، برخان اور ڈیرہ بگٹی سمیت کئی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے۔

پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کشمیر، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں فلیش فلڈ جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

پی ایم ڈی نے مزید خبردار کیا کہ تیز ہوائیں اور آندھی سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز سمیت کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بارشوں کے باعث موجودہ شدید گرمی اور حبس میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

دوسری جانب پنجاب پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی پری مون سون الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید نے شہریوں کو گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز، غیر ضروری سفر محدود رکھنے، کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو 1129 ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں