دوبئی : ایم این این
ای ایل پی ایس نے سینچری ٹیک چیلنج 2026 میں 70 ممالک کے 15 سو سے زائد اسکولوں کو پیچھے چھوڑ کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا
دبئی کے انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول نے تعلیم کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے سینچری اسپرنگ چیلنج 2026 میں عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ورلڈ چیمپئن ریکگنیشن تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد کے علاوہ اسکول کے چیئرمین حسن ابراہیم ہوکل، شریک چیئرمین محمد راشد اشرف، گورنر احمد گیڈی، بورڈ آف گورنرز کے ارکان، اساتذہ، والدین، طلبہ اور تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے اسکول کی انتظامیہ، پرنسپل، اساتذہ، طلبہ اور والدین کو اس غیر معمولی عالمی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول بلکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پوری پاکستانی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔
قونصل جنرل نے طلبہ کی محنت، لگن اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی کاوشوں کی بدولت اسکول نے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے پرنسپل، اساتذہ اور عملے کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے تعلیمی معیار کو بلند رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہمیشہ ترقی یافتہ، خوشحال اور پُرامن معاشروں کی بنیاد رہی ہے اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنا مستقبل میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔
قونصل جنرل حسین محمد نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، جدت اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے ان کا وژن قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی یو اے ای کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعلیمی مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ELPS جیسی کامیابیاں اسی سازگار تعلیمی ماحول کا نتیجہ ہیں۔
تقریب میں پاکستان قونصلیٹ دبئی کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر علی زیب خان اور پریس کونسلر محمد صالح بھی شریک تھے۔
سینچری اسپرنگ چیلنج 2026 دنیا کے بڑے آن لائن تعلیمی مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس میں 70 ممالک کے 1,500 سے زائد اسکولوں اور 10 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے حصہ لیا۔ دبئی کے انگلش لینگویج پرائیویٹ اسکول (ELPS) نے تمام شرکاء کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گلوبل رینک نمبر ون حاصل کی، جو نہ صرف اسکول بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔



