علیمہ خان کی عمران خان کی مبینہ تنہائی میں قید کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد (ایم این این): علیمہ خان نے اپنے بھائی اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی مبینہ تنہائی میں قید کو غیر قانونی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو روزانہ 22 گھنٹے جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 24 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے عمران خان کے اہلِ خانہ اور پی ٹی آئی قیادت کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ اس نوعیت کی قید کا کوئی عدالتی حکم موجود نہیں۔

درخواست میں عمران خان کی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دورانِ قید ان کی بینائی شدید متاثر ہوئی ہے۔ علیمہ خان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مبینہ تنہائی میں قید کو غیر قانونی قرار دے کر متعلقہ حکام کو اسے فوری ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ پیر کے روز عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ (القادر ٹرسٹ) کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرے گی۔ حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے طبی سہولیات اور ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں