اسلام آباد : ایم این این
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 30 جون کی شام سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جبکہ یکم سے 6 جولائی تک ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کا پہلا سلسلہ 30 جون کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث یکم سے 6 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں یکم سے 6 جولائی کے دوران کہیں کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں یکم سے 5 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور گردونواح میں بھی یکم سے 6 جولائی تک تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں یکم سے 5 جولائی جبکہ شمال مشرقی بلوچستان میں یکم سے 4 جولائی تک بارشوں اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع میں بھی 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
اعلامیے میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔



