وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت، خراجِ عقیدت پیش کیا

تہران/اسلام آباد (ایم این این): وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعہ کے روز تہران میں ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایرانی قیادت و عوام سے اظہارِ تعزیت کیا۔

وزیراعظم آفس (پی ایم او) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم ایرانی رہنما کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے قومی سوگ کی اس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تعزیتی تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعظم اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے سلسلے میں استنبول روانہ ہوگئے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد پاکستان واپسی اختیار کی۔ تہران سے روانگی کے موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں رخصت کیا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی نمازِ جنازہ سے قبل تہران کے گرینڈ مصلیٰ پہنچایا گیا، جہاں ہزاروں سوگواروں، اعلیٰ ایرانی حکام، مذہبی شخصیات اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے وفود نے آخری دیدار کیا۔

تقریب کے دوران مرحوم رہنما کے تابوت کو ایرانی قومی پرچم میں لپیٹ کر گرینڈ مصلیٰ میں لایا گیا، جبکہ ہال کو ان کی تصاویر اور اقوال پر مشتمل بینرز سے سجایا گیا تھا۔ سیاہ لباس میں ملبوس ہزاروں افراد نے سوگ کی تقریب میں شرکت کی۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ احمد وحیدی بھی اس موقع پر پہلی مرتبہ عوامی سطح پر نظر آئے اور مرحوم سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسد خاکی تین روز تک گرینڈ مصلیٰ میں رکھا جائے گا، جبکہ ہفتہ کے روز ہونے والی سرکاری نمازِ جنازہ میں لاکھوں افراد اور تقریباً 30 ممالک کے سرکاری وفود کی شرکت متوقع ہے۔ عراق اور افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک سے بھی زائرین کی بڑی تعداد تہران پہنچ رہی ہے۔

جنازے کے بعد تدفینی مراحل تہران، قم، نجف، کربلا اور بعد ازاں مشہد تک جاری رہیں گے، جہاں 9 جولائی کو آیت اللہ خامنہ ای کو ان کی جائے پیدائش مشہد میں حضرت امام رضاؑ کے روضہ مبارک کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مرحوم سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت دہشت گردی، تشدد اور دباؤ کے خلاف ایرانی قوم کے اتحاد اور عزم کا واضح پیغام ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے جہاں مہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، پاکستان کے سفیر اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے ایرانی قیادت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے، جہاں ایرانی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وفد نے نمازِ جنازہ اور تدفینی تقریبات میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں