اسلام آباد: ایم این این
ایف بی آر کے 16 افسران کی دوہری شہریت یا بیرونِ ملک مستقل رہائش کا انکشاف ہوا ہے، دستیاب سرکاری ریکارڈ میں ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز سروس کے افسران کے نام شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے 10 افسران جبکہ پاکستان کسٹمز سروس کے 6 افسران کے بارے میں دوہری شہریت یا بیرونِ ملک مستقل رہائش کا ریکارڈ موجود ہے۔
ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران میں بی ایس 21 کے سجاد تسلیم اعظم شامل ہیں۔
بی ایس 20 کے افسران میں آمنہ فیض بھٹی، شازیہ میمن، نعیم بابر، ارم شبیر، ثناء اللہ نوازانی اور عظمیٰ ثاقب شامل ہیں۔
بی ایس 19 کے محمد اسفند یار جنجوعہ اور سلمیٰ شاہین بھی فہرست میں شامل ہیں، جبکہ بی ایس 17 کے مسعود ہمایوں کا نام بھی دستاویز میں موجود ہے۔
پاکستان کسٹمز سروس کے 6 افسران بھی فہرست کا حصہ ہیں۔
ان میں بی ایس 20 کی زہرا حیدر اور طیبہ بخاری شامل ہیں۔
بی ایس 19 کے جمشید علی تالپور، مصباح کھٹانہ اور باعص حسین کے نام بھی دستاویز میں درج ہیں، جبکہ بی ایس 17 کی فروا بتول بھی فہرست میں شامل ہیں۔
دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ فہرست میں شامل افسران کے حوالے سے دستیاب ریکارڈ میں یا تو دوہری شہریت یا بیرونِ ملک مستقل رہائش کا ذکر موجود ہے، اس لیے ضروری نہیں کہ فہرست میں شامل ہر افسر کے پاس لازماً دوہری شہریت ہو۔
دوسری جانب سول سرونٹس ڈسکلوزر اینڈ ریگولیشن آف فارن نیشنلٹی رولز 2026 کے تحت ایف بی آر کے تمام افسران سے غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات طلب کرلی گئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایس آر او نمبر 893 ون 2026 کے ذریعے یکم جون 2026 کو قواعد نوٹیفائی کیے۔
قواعد کے رول 3 کی ذیلی شق 3 کے تحت ایف بی آر کے تمام افسران کو اپنی غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات مقررہ پروفارما پر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف بی آر نے 9 جون 2026 کے سرکلر کے ذریعے تمام افسران کو معلومات فراہم کرنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی ہے۔
اب ایف بی آر افسران کی جانب سے جمع کرائی جانے والی معلومات کے بعد یہ بھی سامنے آئے گا کہ کتنے افسران کے پاس غیر ملکی شہریت ہے، کتنے افسران بیرونِ ملک مستقل رہائش رکھتے ہیں اور ان کی قانونی حیثیت کیا ہے۔
دستاویز میں موجود معلومات کے مطابق فی الحال 16 افسران کے نام ایسے ریکارڈ میں سامنے آئے ہیں جن کے بارے میں دوہری شہریت یا بیرونِ ملک مستقل رہائش کی نشاندہی کی گئی ہے۔



