اسلام آباد (ایم این این): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جمعرات کو کہا ہے ک
SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں وقفے وقفے سے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA)، جو پاکستان میں نجی شعبے کی واحد کمپنی ہے جس کے پاس سب میرین فائبر آپٹک کیبل سسٹمز کی ملکیت ہے، SEA-ME-WE 5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی اصل وجہ معلوم کرنے اور بحالی کے متوقع وقت کا تعین کرنے میں مصروف ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ صارفین پر اثرات کم سے کم رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ سروس کا تسلسل زیادہ سے زیادہ برقرار رکھا جا سکے۔
دوسری جانب ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس نے اپنے صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا کہ اس کی ایک سب میرین کیبل میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی ہے۔ کمپنی نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تکنیکی ٹیمیں مسئلے کے حل کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں اور صورتحال سے متعلق بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے کہا کہ وہ تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ انٹرنیٹ خدمات جلد از جلد مکمل طور پر بحال کی جا سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ نومبر میں SEA-ME-WE 6 نامی نئی بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پاکستان پہنچی تھی۔ وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اس کی مجموعی استعداد 100 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ سے زائد ہے، جبکہ پاکستان کو اس منصوبے کے تحت 13.2 ٹیرا بٹس فی سیکنڈ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ SEA-ME-WE 6 میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ فائبر پیئرز اور دوگنی سے زائد صلاحیت موجود ہے، جس سے ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان انٹرنیٹ رابطوں کی رفتار، استحکام اور متبادل روٹس کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی۔



