اسلام آباد : ایم این این
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی ملاقات میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت اور پاکستان ریلوے کے اشتراک سے جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب کے آٹھ سب اربن ریلوے روٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ تین ریلوے روٹس کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی منصوبوں کی فزیبلٹی بھی جلد مکمل کر لی جائے گی تاکہ ان پر عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے ریلوے لیول کراسنگز کی اپ گریڈیشن کے لیے 9.7 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت غیر محفوظ لیول کراسنگز کو مرحلہ وار مینڈ کراسنگز میں تبدیل کیا جائے گا، جس سے انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور حادثات کی روک تھام میں نمایاں مدد ملے گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین ریلوے کوریڈور منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ 40 کلومیٹر سے زائد ریلوے کوریڈور پر شجرکاری کی جائے گی تاکہ ماحول کو سرسبز، خوشگوار اور آلودگی سے پاک بنانے میں مدد مل سکے۔
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ریلوے اسٹیشنز کی صفائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی کا عمل مؤثر انداز میں جاری ہے اور عملہ دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے تاکہ مسافروں کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں لاہور ریلوے اسٹیشن کے سرکولیٹنگ ایریا کی اپ گریڈیشن پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ ماہ مکمل ہونے کی توقع ہے، جس سے مسافروں کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب ریلوے ہیریٹیج پریزرویشن انیشی ایٹو پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جس کے پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی اور ٹیکسلا ریلوے اسٹیشنز کے تاریخی ورثے کے تحفظ، بحالی اور خوبصورتی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی صوبائی حکومت اتنے بڑے پیمانے پر ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، جو وفاق اور صوبے کے درمیان مثالی تعاون کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے ریلوے انفراسٹرکچر، مسافروں کی سہولیات، حفاظتی اقدامات، ماحولیاتی بہتری اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے منصوبے نئی رفتار سے مکمل ہوں گے، جن کے ثمرات عوام تک جلد پہنچیں گے۔



