عالمی فورمز پر پاکستانی نوجوانوں کی نمائندگی مزید مضبوط ہونے لگی ہے۔

اسلام آباد (ایم این این) پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز سامنے آیا ہے، جہاں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

فہد شہباز کو فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء 2026ء کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو ایشیاء کے بااثر اور ابھرتے ہوئے نوجوان رہنماؤں کا معتبر ترین پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔

فہد شہباز فوربز کی سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی ہیں، جبکہ وہ بیک وقت دی ڈائنا ایوارڈ اور فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی نوجوان بھی بن گئے ہیں۔

ان کی یہ کامیابی نہ صرف انفرادی اعزاز بلکہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں، قیادت اور سماجی خدمات کا عالمی اعتراف بھی ہے۔

فہد شہباز کی کامیابی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر وڑائچ نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ فہد شہباز کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے عزم، محنت اور قیادت کا روشن پیغام ہے۔

بلاشبہ، سبز ہلالی پرچم ایک بار پھر عالمی سطح پر سربلند ہوا ہے اور فہد شہباز قوم کے لیے باعثِ فخر بن گئے ہیں۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں