اسلام آباد (ایم این این): محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کرتے ہوئے پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ خلیج بنگال سے نمی والی ہوائیں پیر کی شام سے شمال مشرقی علاقوں کو متاثر کریں گی۔ اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی پیر کی رات سے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی
پی ایم ڈی کے مطابق آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں پیر کی رات سے بدھ تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ہنگو میں پیر کی رات سے بدھ تک کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ سلسلہ منگل سے شروع ہوگا۔
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں پیر کی رات سے بدھ تک بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی منگل اور بدھ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی منگل اور بدھ کو بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، نصیر آباد، ہرنائی، سبی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں منگل کی رات سے بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
سندھ میں گرمی برقرار، چند علاقوں میں بارش کا امکان
پی ایم ڈی کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہروفیروز میں منگل اور بدھ کو کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں منگل اور بدھ کے دوران مقامی سطح پر اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، جبکہ کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ چند روز میں گرمی اور حبس کی شدت میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کا الرٹ جاری
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ انسانی جانوں، مویشیوں، فصلوں اور انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اتھارٹی نے حساس علاقوں کی نگرانی، سڑکوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے، ہنگامی وسائل کی دستیابی، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران محفوظ عمارتوں میں رہیں، جبکہ سیاح مون سون کے دوران دریاؤں، ندی نالوں اور رش والے تفریحی مقامات سے دور رہیں۔



