شمالی اور بالائی پاکستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان، وسطی علاقوں میں معمول کے مطابق جبکہ جنوبی حصوں میں نسبتاً کم بارشیں متوقع
اسلام آباد:(ایم این این)پاکستان میں آئندہ چالیس روز کے دوران مون سون کا فعال سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے مختلف اوقات اور دنوں میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔
موسمی ماہرین کے مطابق بالائی اور شمالی پاکستان میں اس سال مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے وسطی علاقوں اور ملک کے دیگر وسطی حصوں میں بارشیں عمومی موسمی اوسط کے قریب رہ سکتی ہیں۔ دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بارشوں کی مقدار معمول سے کچھ کم رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور شمالی پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق مون سون کی بروقت اور مناسب بارشیں خریف کی فصلوں، خصوصاً دھان، مکئی، گنا اور سبزیوں کی پیداوار کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہیں، تاہم شدید بارشوں کی صورت میں فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود رہے گا۔
موسمیاتی ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔



