اسلام آباد: ایم این این
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم شہباز شریف کے بڑے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف کے وفاقی سیاسی کردار کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف کی وفاقی سطح پر سیاسی ذمہ داریوں کا باضابطہ تعین کر دیا گیا ہے اور وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں مستقل بنیادوں پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف وفاقی سیاست میں زیادہ متحرک کردار ادا کریں گے اور اس مقصد کے لیے اسلام آباد میں ڈیرے ڈالیں گے۔ وہ وزیراعظم آفس میں بھی باقاعدگی سے بیٹھیں گے، جہاں حکومتی اور سیاسی امور سے متعلق مشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف کو وفاق میں مسلم لیگ (ن) کے سیاسی امور کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وہ پارٹی کی مرکزی قیادت، وفاقی وزراء، اتحادی جماعتوں اور حکومتی شخصیات کے ساتھ رابطوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں، اتحادی جماعتوں کے قائدین اور ارکانِ پارلیمان سے باقاعدہ ملاقاتوں کا آغاز کریں گے تاکہ حکومتی اور پارلیمانی امور میں بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز شریف وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی، حکومتی اور تنظیمی معاملات پر باقاعدہ مشاورت بھی کریں گے، جبکہ اہم سیاسی فیصلوں اور حکمت عملی کی تشکیل میں بھی فعال کردار ادا کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاق میں حمزہ شہباز شریف کے متحرک کردار سے مسلم لیگ (ن) کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے اور حکومتی و جماعتی رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔



