پاکستان 2027 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے انگلینڈ میں پانچ ون ڈے میچز کھیلے گا

اسلام آباد (ایم این این): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں اگلے سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کا آغاز 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں ہوگا، جبکہ دیگر میچز 19 مئی کو مانچسٹر، 21 مئی کو لیڈز، 23 مئی کو چیسٹر لے اسٹریٹ اور 26 مئی کو کارڈف میں کھیلے جائیں گے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ سیریز پاکستان اور انگلینڈ دونوں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی اہم تیاری ثابت ہوگی، جو 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔

اس وقت آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

اس سے قبل پاکستان اگلے ماہ بھی انگلینڈ کا دورہ کرے گا، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 19 اگست سے 13 ستمبر تک تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں انگلینڈ میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی، جس میں سابق کپتان بابر اعظم 177 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے تھے، جبکہ تیسرے ون ڈے میں انہوں نے شاندار 158 رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی۔

سیریز کا شیڈول
15 مئی: پہلا ون ڈے – ساؤتھمپٹن
19 مئی: دوسرا ون ڈے – مانچسٹر
21 مئی: تیسرا ون ڈے – لیڈز
23 مئی: چوتھا ون ڈے – چیسٹر لے اسٹریٹ
26 مئی: پانچواں ون ڈے – کارڈف

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں