اسلام آباد(ایم این این)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر سفارتکاری، امن اور مذاکرات کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات سے لے کر اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک، پاکستان نے ہمیشہ بات چیت، مفاہمت اور سیاسی حل کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عالمی استحکام، علاقائی ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات خطے میں امن و استحکام کی نئی مثال بن چکے ہیں، جبکہ پاکستان نے تنازعات کے حل کے لیے تعمیری سفارتکاری اور بامقصد مذاکرات کو فروغ دے کر اپنی ذمہ دارانہ حیثیت کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کو امن، مذاکرات اور باہمی احترام کی قوت کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط قوم کے لیے ایک یادگار اور باعثِ فخر لمحہ ہیں۔
سینئر وزیر نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو پاکستان کی سفارتی کامیابی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے اور یہ صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ پاکستان کے امن پسند وژن، تدبر اور مثبت عالمی کردار کا مظہر ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے عالمی امن کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور یہ سفارتی کامیابیاں آنے والی نسلوں کے لیے ایک قابلِ فخر قومی ورثہ ثابت ہوں گی۔



