اسلام آباد : ایم این این
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ بسالت کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل عامر رضا کی ترقی اور نئی تقرری قومی سلامتی کے نظام میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ جنرل عامر رضا اس سے قبل پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف (CGS) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور انہیں پیشہ ورانہ صلاحیت، وسیع عسکری تجربے اور قیادت کی خوبیوں کے باعث یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل عامر رضا اپنی نئی ذمہ داریاں پوری پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دیں گے اور ملک کے اسٹریٹجک دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
حکومت کی جانب سے جنرل عامر رضا کی پیشہ ورانہ خدمات اور قومی دفاع کے لیے ان کی گرانقدر کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان کی نئی تقرری پاکستان کے اسٹریٹجک کمانڈ کے نظام میں تسلسل، استحکام اور مؤثر قیادت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔
دفاعی حلقوں کے مطابق کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول اور قومی دفاعی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ جنرل عامر رضا کی تقرری کو اس حساس ذمہ داری کے لیے ایک اہم فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔



