کالام جھیل میں سیاحوں کی کشتی الٹ گئی، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی؛ شانگلہ میں سیلابی ریلے میں خاتون بہہ کر جاں بحق

سوات (ایم این این): خیبر پختونخوا کے ضلع اپر سوات کے سیاحتی مقام کالام میں واقع سیف اللہ جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے، جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں شانگلہ میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں ایک خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق کشتی حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات میں متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی، تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر حکام نے تصدیق کی کہ حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کشتی میں سوار زیادہ تر سیاحوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد جاں بحق افراد اور زخمیوں کو کالام اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے۔

حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

شانگلہ میں خاتون سیلابی ریلے کی نذر

دوسری جانب ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن میں ایک خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ مدرسے جاتے ہوئے برساتی نالہ عبور کرنے کی کوشش کے دوران اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

مقامی افراد کے مطابق یہ واقعہ گمیار مچکنڈی خوڑ کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز بہاؤ نے ماں اور بیٹی دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مقامی لوگوں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بچا لیا، تاہم خاتون تیز پانی میں بہہ گئیں۔

ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔ زخمی بچی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد خاتون کی لاش سیلابی پانی سے نکال لی گئی، جسے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

حالیہ مون سون بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دریاؤں، جھیلوں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، جس کے پیش نظر حکام نے شہریوں اور سیاحوں سے احتیاط برتنے اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں