کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا

کراچی (ایم این این)کراچی پورٹ نے ملکی بحری تجارت میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔ مالی سال کے اختتام سے قبل 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز ہینڈل کیے جانے کے بعد کراچی پورٹ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی ہے۔
کراچی پورٹ نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے قومی معیشت اور بحری تجارت کے شعبے میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مالی سال مکمل ہونے سے قبل کراچی پورٹ پر 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز ہینڈل کیے جا چکے ہیں، جو ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے۔

وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کو بحری شعبے پر کاروباری برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد ک مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی پورٹ اب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران، ملازمین اور کارکنان کی شبانہ روز انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس حب بنانے کے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے لیے اصلاحات اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ بندرگاہی اصلاحات، جدید سہولیات اور آپریشنل استعداد میں اضافے کے باعث کارگو ٹریفک میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ قومی معیشت، بین الاقوامی تجارت اور سمندری سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق کراچی پورٹ کی ریکارڈ کارکردگی پاکستان کی شپنگ اور لاجسٹکس صلاحیت کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی تجارتی مرکز کے طور پر ملک کے کردار کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں