اسلام آباد (ایم این این): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات سے قبل ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اپنے قریبی سیاسی ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شامل ہوگئے۔
آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے وفد کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے اسے آزاد کشمیر میں پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا۔
اس موقع پر سابق مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار افتخار رشید، سابق وزیر صحت نثار انصار ابدالی اور سابق وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے بھی آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس سے ایک روز قبل بھی آئی پی پی کو اہم سیاسی کامیابی حاصل ہوئی تھی جب ضلع کوٹلی سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے بھی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق ایل اے-8 سے امیدوار ملک ذوالفقار علی اور ایل اے-10 سے امیدوار ملک محمد یوسف نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابات سے قبل مختلف جماعتوں کے درمیان سیاسی صف بندی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جبکہ آئی پی پی مسلسل اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط بنانے میں مصروف ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم مزید مؤثر اور تیز کی جائے۔
یہ ہدایت جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران دی گئی جس میں آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات کی انتخابی حکمت عملی اور مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یٰسین بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور وہ انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے ہر ضلع کا دورہ کریں گے تاکہ عوام اور پارٹی کارکنوں سے براہ راست رابطہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی سوچ اور منشور کا حصہ رہا ہے اور پارٹی نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں مؤثر آواز اٹھائی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور پارٹی منشور کو آزاد کشمیر کے ہر حلقے تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔
اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے انتخابی مہم، تنظیمی تیاریوں اور دیگر انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔



