اسلام آباد: ایم این این
وفاقی حکومت نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے دو افسران کو پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بی ایس 19 کے افسر کاشف حسین، جو وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں ڈپٹی سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں فوری طور پر حکومتِ پنجاب کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ ان کی خدمات آئندہ احکامات تک پنجاب حکومت کے تصرف میں رہیں گی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق کاشف حسین نے حالیہ حج آپریشن کی کامیاب منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ آئندہ چار برسوں کے لیے حج کے انتظامات اور مذہبی فریضے کی ادائیگی کے عمل کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کی پالیسی کی تیاری کی ذمہ داری بھی مؤثر انداز میں نبھائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خدمات طلب کیے جانے پر کاشف حسین کو وزارتِ مذہبی امور سے واپس لے کر حکومتِ پنجاب کے سپرد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بی ایس 18 کی افسر نوشین سرور، جو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں پوسٹنگ کی منتظر تھیں، ان کی خدمات بھی فوری طور پر حکومتِ پنجاب کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں افسران کے تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک ان کی خدمات حکومتِ پنجاب کے پاس رہیں گی۔



