جاپان کی اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں ٹی بی اسکریننگ کے لیے 21 ملین ین کی گرانٹ

اسلام آباد (ایم این این): جاپان کی حکومت نے اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں تپِ دق (ٹی بی) کی اسکریننگ اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دوپاسی فاؤنڈیشن کو 21 ملین جاپانی ین، تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار 500 امریکی ڈالر، کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ مالی معاونت جاپان کے گرانٹ اسسٹنس فار گراس روٹس ہیومن سکیورٹی پراجیکٹس (GGP) پروگرام کے تحت فراہم کی جا رہی ہے۔

گرانٹ معاہدے پر یکم ستمبر 2026 کو اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور دوپاسی فاؤنڈیشن کے نمائندے نے دستخط کیے۔

اس منصوبے کا مقصد اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے ضلع چکوال میں کمزور اور محروم طبقات کو ٹی بی کی بروقت تشخیص اور بنیادی صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔

منصوبے کے تحت دوپاسی فاؤنڈیشن اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایک موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کرے گی۔

یہ موبائل یونٹ ڈیجیٹل چیسٹ ایکسرے، ٹی بی اسکریننگ، خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق مشاورت اور بنیادی طبی معائنے کی سہولیات فراہم کرے گا۔

اس منصوبے سے بالخصوص یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد، خواتین اور ایسے خاندان مستفید ہوں گے جنہیں صحت کی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوپاسی فاؤنڈیشن پاکستان کی ایک فعال فلاحی تنظیم ہے جس کے 200 سے زائد ملازمین ملک بھر میں پسماندہ اور کم وسائل رکھنے والے طبقات کی مدد اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اس منصوبے میں ٹویوٹا سوشو کارپوریشن نے فوجی فلم کے اشتراک سے بھی معاونت فراہم کی ہے۔

ان اداروں کی مدد سے ایک خصوصی طور پر تیار کردہ لینڈ کروزر موبائل ہیلتھ یونٹ تیار کیا جائے گا، جس میں ٹی بی کی تشخیص کے لیے جدید اور کمپیکٹ ایکسرے سسٹم اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹیکنالوجی نصب ہوگی۔

ٹویوٹا سوشو اور فوجی فلم اس نظام کے پائیدار استعمال کے لیے مقامی سطح پر مینٹیننس سسٹم قائم کرنے اور تکنیکی تربیت فراہم کرنے میں بھی معاونت کریں گے۔

منصوبے کے تحت سالانہ تقریباً 20 ہزار افراد کو معیاری طبی اسکریننگ کی سہولت فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے متعدی بیماریوں کے اثرات کم کرنے، محروم طبقات کو طبی سہولیات تک رسائی دینے اور بروقت تشخیص کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کو بھاری طبی اخراجات سے بچانے میں مدد ملے گی۔

گرانٹ معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ ہر انسانی جان کا تحفظ جاپان کی ترقیاتی تعاون اور انسانی سلامتی کی پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور بنیادی صحت کی سہولیات تک رسائی نہ صرف قیمتی جانیں بچانے میں مدد دیتی ہے بلکہ کمزور اور محروم خاندانوں کو صحت سے متعلق مشکلات سے نکلنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔

جاپانی حکومت نے پاکستان میں انسانی سلامتی کے فروغ اور کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری کے لیے مقامی غیر سرکاری تنظیموں کی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جاپان نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ ٹی بی کی بروقت تشخیص اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں