اسلام آباد:(ایم این این)راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام ممتاز سینئر اسپورٹس صحافی عبدالمحی شاہ کو ہلالِ امتیاز ملنے پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کرکٹ اور کھیلوں کی صحافت سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ کھیلوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات، صحافیوں اور سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔مقررین نے عبدالمحی شاہ کی کئی دہائیوں پر محیط صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں کھیلوں کی صحافت کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلالِ امتیاز کا اعزاز عبدالمحی شاہ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہے۔سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے عبدالمحی شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے اسپورٹس جرنلزم میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

تقریب کے دوران پاکستان کرکٹ کے معروف اور مقبول سپورٹر چاچا کرکٹ کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی طویل وابستگی، قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی اور شائقینِ کرکٹ میں جوش و جذبہ پیدا کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر چاچا کرکٹ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھی خصوصی اعزاز اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر عبدالمحی شاہ اور چاچا کرکٹ دونوں کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شرکاء نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



