پاکستان، ایران قومی کبڈی ٹیموں کی مشترکہ تربیت اہم پیش رفت

اسلام آباد: ایم این این

پاکستان اور ایران کی قومی کبڈی ٹیموں کے درمیان مشترکہ تربیتی کیمپ کے دوسرے روز بھی بھرپور تربیتی سرگرمیاں جاری رہیں۔

دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مشترکہ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، جہاں جدید کھیل کی تکنیک، حکمتِ عملی، دفاعی و جارحانہ مہارتوں اور مسابقتی اندازِ کھیل پر خصوصی توجہ دی گئی۔

مشترکہ تربیتی کیمپ کا مقصد 20ویں ایشین گیمز، آئچی ناگویا جاپان 2026ء کے لیے پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ مشترکہ تربیت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایک مضبوط بین الاقوامی ٹیم کے خلاف عملی تجربہ حاصل ہو رہا ہے، جو ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسرے روز سیکریٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے بھی تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز سے ملاقات کی اور تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

خالد محمود نے قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تیاری اور محنت کو سراہا۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن اور ایران کے وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔ پاکستانی اور ایرانی آفیشلز نے مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کو دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے مطابق مشترکہ ٹریننگ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت، مختلف اندازِ کھیل کو سمجھنے، دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اپنی تکنیکی و جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنے کا قیمتی موقع مل رہا ہے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی قومی ٹیموں کا مشترکہ تربیتی کیمپ دونوں برادر ممالک کے درمیان کھیلوں میں تعاون، دوستی اور باہمی روابط کی بہترین مثال ہے۔

چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین اور صدر چوہدری سالک حسین کی رہنمائی میں جاری یہ تربیتی سرگرمیاں قومی ٹیم کو آئندہ ایشین گیمز کے لیے زیادہ مضبوط، پُراعتماد اور بہتر انداز میں تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ، ایران کبڈی فیڈریشن، دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف، سیکیورٹی اداروں، میڈیا نمائندگان اور تمام معاون اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی ایشین گیمز کی تیاریوں کے لیے معیاری تربیتی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں
- Advertisment -
Google search engine

مزید پڑھیں