-اسلام آباد : ایم این این
سینئر پارلیمنٹرین اور صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی والدہ طاہرہ اورنگزیب نے پارلیمانی ذمہ داریوں سے وابستگی کی مثال قائم کرتے ہوئے سیکیورٹی پابندیوں اور راستوں کی بندش کے باوجود قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا۔
اسلام آباد میں معزز غیر ملکی مہمانوں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی وفد سمیت آمد کے باعث وفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں مختلف شاہراہوں پر ناکے قائم تھے۔ طاہرہ اورنگزیب کو بھی راستے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے اجلاس میں شرکت کے عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ایمبولینس کے ذریعے سرینا چوک تک سفر کیا۔
سرینا چوک پر مزید رکاوٹوں کے باعث وہ آگے نہ بڑھ سکیں، تاہم ایک پولیس اہلکار نے انہیں پہچان لیا، جس کے بعد وہ اسی اہلکار کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے طاہرہ اورنگزیب کی پارلیمانی کمٹمنٹ کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز ناکوں کے باوجود ایمبولینس اور موٹر سائیکل کے ذریعے ایوان پہنچنے کی طاہرہ اورنگزیب کی ویڈیوز ان کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے کمٹمنٹ پر طاہرہ اورنگزیب صاحبہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے بتایا کہ معزز مہمانوں کی آمد پر ایک خاتون رکن کو ناکے پر روک دیا گیا، جس کے بعد وہ ایمبولینس میں سرینا چوک تک پہنچیں، تاہم وہاں بھی ناکہ موجود تھا۔ ایک واقف پولیس اہلکار نے انہیں پہچانا اور وہ اس اہلکار کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر قومی اسمبلی پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ “یہ ہے کمٹمنٹ ہمارے ارکان کی۔”
اسپیکر نے درخواست کی کہ اگر متعلقہ رکن ایوان میں موجود ہیں تو وہ کھڑی ہو جائیں، جس پر خواتین ارکان نے باآواز بلند بتایا کہ وہ باہمت خاتون طاہرہ اورنگزیب ہیں۔ اسپیکر کی جانب سے تحسین کے اظہار پر ارکان نے ڈیسک بجا کر طاہرہ اورنگزیب کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ طاہرہ اورنگزیب نے اسپیکر اور ایوان کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا۔



